گاجریں دھونے والی مشین تیار کر لی گئی!مشین کہاں سے ملے گی؟

گاجر محض تین مہینے کی فصل ہے. دو تین پانیوں میں تیار ہو جاتی ہے. ایک دو بوری کھاد اور ایک آدھ سے زیادہ سپرے وغیرہ کی بھی ضرورت نہیں پڑتی. پچیس تیس ہزار خرچہ کر کے 80 ہزار سے لے کر ڈیڑھ لاکھ تک فی ایکڑ آمدن حاصل ہو جاتی ہے.
لیکن اس قدر کم لاگت اور نفع آور فصل ہونے کے باوجود، کسان گاجر کاشت کرنے سے گھبراتے ہیں. وجہ اس کی یہ ہے کہ منڈی میں لے کر جانے سے پہلے گاجر کی دھلائی، کاشتکار کے لئے اتنا بڑا مسئلہ ہے کہ وہ گاجر کا نام سنتے ہی توبہ توبہ کر اٹھتا ہے.

اچھی خبر یہ ہے کہ ملتان کے تحقیقاتی ادارہ برائے مشینی کاشت (ایمری) نے گاجروں کی دھلائی والے مسئلے کا حل ڈھونڈ لیا ہے. ایمری نے ایک ایسی مشین (کیرٹ واشر) تیار کر لی ہے جو آن کی آن میں‌ کئی کئی من گاجریں دھو ڈالتی ہے.

ایمری نے اس مشین کے دو ماڈل بنائے ہیں.

پہلا ماڈل: انجن یا موٹر والی مشین
اس مشین کو چلانے کے لئے 2 ہارس پاور کی الیکٹرک موٹر یا 5 ہارس پاور والا انجن چاہئے ہوتا ہے. یہ مشین ایک گھنٹے میں 25 سے 30 من گاجریں دھو ڈالتی ہے.

دوسرا ماڈل: ٹریکٹر والی مشین
یہ مشین 50 ہارس پاور والے ٹریکٹر پر چلتی ہے اور ایک گھنٹے میں 75 سے 80 من گاجریں دھو ڈالتی ہے. ان دونوں طرح کی مشینوں کو گاجروں کے علاوہ اروی، ہلدی، ادرک، ساگ اور آلو وغیرہ دھونے کے لئے بھی کام میں لایا جا سکتا ہے.

گاجر دھونے والی مشین کہاں سے ملے گی؟
ابھی تک پاکستان میں کوئی بھی زرعی ورکشاپ ان مشینوں کو تیار نہیں کر رہی. البتہ تحقیقاتی ادارہ برائے مشینی کاشت، ملتان کسی بھی اچھی زرعی ورکشاپ کو یہ ماڈل دینے اور رہنمائی کے لئے تیار ہے. لہذا اگر آپ اس مشین کو خرید نے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں.
موبائل نمبر 03338360766
اگر دس بارہ مشینوں کا آرڈر مل گیا تو کوئی بھی زرعی ورکشاپ مشینیں بنا نے کے لئے بخوشی تیار ہو جائے گی.

مشین کتنے میں بنے گی؟

اس بات کا دارومدار مشینیں بنانے والی زرعی ورکشاپ پر ہے کہ ورکشاپ مشین کو کس طرح کا میٹیریل لگاتا ہے اور کتنی مزدوری طلب کرتا ہے. جب آرڈر اکٹھے ہو جائیں گے تو زرعی ورکشاپ سے کاشتکاروں کو بہتر ریٹ ملنے کی امید ہے.
میرے خیال میں چھوٹی مشین ایک لاکھ اور بڑی مشین دو اڑھائی لاکھ میں تیار ہو جانی چاہئے.

گاجر دھونے والے مشین کے حوالے سے ایک اور خبر یہ ہے کہ فیصل آباد میں پینسرہ کے قریب زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے گریجو ایٹ جو گاجر کے کاشتکار بھی ہیں، اپنی مدد آپ کے تحت گاجریں دھونے والی ایک مشین اپنی ذاتی ورکشاپ پر تیار کر لی ہے.
مشین کی تصویر ملاحظہ کریں!
گاجر دھونے والی مشین جس کی موٹر (گیئر) اتارا ہوا ہے


یہ مشین ایک ہارس پاور یا دو ہارس پاور کے گئیر پر چلائی جا سکتی ہے.

اگر ایک ہارس پاور کا گئیر فٹ کیا جائے تو یہ مشین ایک گھنٹے میں تقریباََ 25 من گاجریں دھو ڈالتی ہے. لیکن اگر اس پر 2 ہارس پاور کا گئیر فٹ کر دیا جائے تو پھر یہ ایک گھنٹے میں 50 من تک گاجریں دھو سکتی ہے. ایک بات ذہن میں رہے کہ یہ مشین گاجروں کے بال صاف نہیں کرتی. راقم کی مشین تیار کرنے والے ماہر جناب رانا عامر شکور سے بات ہوئی ہے وہ دلچسپی رکھنے والنے کاشتکاروں کو یہ مشین بنا کر دینے کے لئے تیار ہیں. اس مشین کی قیمت انہوں نے دو سے سوا دو لاکھ روپے بتائی ہے. البتہ اگر کسی کاشتکار کو یہ مشین چھوٹے سائز میں چاہئے تو پھر اس کی لاگت کم ہو سکتی ہے.
اگر آپ یہ مشین بنوانا چاہتے ہیں تو مشین بنانے والے ماہر جناب رانا عامر شکور کے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں.
موبائل نمبر 03047880066

دست برداری:
یہ تحریر کسانوں کی آگاہی کے لئے محض رضاکارانہ طور پر لکھی گئی ہے. راقم کا کسی بھی زرعی ورکشاپ یا گاجر مشین بنانے والے کسی فرد سے کسی قسم کا کاروباری تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی مالی مفاد وابسطہ ہے.

تحریر
ڈاکٹر شوکت علی
ماہر توسیع زراعت، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

اظہار تشکر
جناب رانا عامر شکور، موجد کیرٹ واشنگ مشین
جناب انجینئر محمود ریاض، فوکل پرسن، تحقیقاتی ادارہ برائے مشینی کاشت، ملتان
جناب محمد عاشق، ماہر زراعت، ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد
Share on Whatsapp

About Jhang Tezz

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں