ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر ہائی سکول کا ہیڈ ماسٹر عہدہ سے فارغ، اساتذہ تنظیموں کا شدید احتجاج

جھنگ(نمائندہ جھنگ تیز): محکمہ خوراک کے گندم کے خریداری مراکز پر لگائی گئی ڈیوٹیوں میں کوتاہی برتنے پر ہائی سکول کا ہیڈ ماسٹر عہدہ سے فارغ جبکہ کئی سکول ہیڈ ماسٹرز ، ایس ایس ٹی ٹیچرز،آئی ٹی ٹیچرز اور کلرکس کو نوٹس اظہار وجوہ جاری کر دیئے گئے ہیں جس پر پنجاب ٹیچرز یونین ،آل ٹیچرز الائنس اور دیگر اساتذہ تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس ثاقب نثار سے اساتذہ کی غیر قانونی ڈیوٹیاں لگانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن جھنگ کی جانب سے جاری کئے گئے لیٹر نمبر 3176کے تحت اپنے عہدہ سے فارغ کئے جانے والے گورنمنٹ بوائز ہائی سکو ل چک نمبر 216ج ب جھنگ کے ہیڈ ماسٹر صدیق عتیق سے کہا گیا ہے کہ ان کے سکول کے ایس ایس ٹی کمپیوٹر سائنس اختر حسین کی ڈیوٹی محکمہ خوراک جھنگ کے گندم خریداری مرکز موچی والا میں لگائی گئی تھی اور انہیں تحریری احکامات سمیت بذریعہ ٹیلی فون حکم دیا گیا تھا کہ مذکورہ ٹیچر کو فوری طور پر ریلیو کر کے محکمہ خوراک کے گندم خرید اری مرکز پر بھجوایا جائے لیکن آپ نے اس حکم کو سنجیدہ لیا اور نہ ہی ٹیچر کو خریداری مرکز پر بھجوایا اس طرح آپ نے عدم تعاون ، حکم عدولی ، لاپرواہی اور سرکاری احکامات کی تعمیل میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا لہٰذاآپ کو فوری طور پر ہیڈ ماسٹر کے عہدہ سے فارغ کر کے ڈی ای او سیکنڈر ی آ فس رپور ٹ کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔مذکورہ مراسلہ کے تحت سکول کے سینئر ٹیچر منظور حسین ایس ایس ٹی کو گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چک نمبر 216ج ب جھنگ کا انچارج ہیڈ ماسٹر تعینات کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ۔اسی طرح لیٹر نمبر 3226کے تحت ہارون الرشید سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول موندا ، عامر انور آئی ٹی ٹیچر گورنمنٹ ہائی سکول چھتہ ، تصور حسین آئی ٹی ٹیچر گورنمنٹ ہائی سکول لؤ ، مبشر سعید جونیئر کلرک گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھون کو جاری کئے گئے نوٹس اظہار وجوہ میں کہا گیا ہے کہ ان کی ڈیوٹی محکمہ خوراک کے ویٹ پروکیورمنٹ سنٹر بھون جھنگ پر لگائی گئی تھی تاکہ وہ گندم کی خریداری کے عمل کی مانیٹرنگ سمیت تمام ڈیٹا کمپوٹرائزڈ کر سکیں لیکن انہوں نے اس حکم کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور خریداری مرکز بھون پر کمپیوٹر ڈیٹا فیڈ کرنے میں سستی و کوتاہی برتی جو ان اہلکاروں کی غفلت ، ڈیوٹی میں عدم دلچسپی اور دفتری احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر تحریری وضاحت پیش کی جائے ورنہ ان کے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کو ئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔دریں اثناء پنجاب ٹیچر یونین اور آل ٹیچرز الائنس و دیگر اساتذہ تنظیموں کے عہدیداران نے کہا کہ بڑی تعداد میں اساتذہ کرام کی محکمہ خوراک کے گندم کے خریداری مراکز پر ڈیوٹیاں لگانا سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرڈر نمبر 37/12کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے ڈی ای او سیکنڈری جھنگ کے آرڈر نمبر3169 کے تحت صبح 8سے رات 11بجے تک سکول اساتذہ کی خریداری مراکز پر لگائی گئی ڈیوٹیوں کو غیر قانونی ، غیر انسانی اقدام اور اساتذہ کی توہین قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ اگر سکول اساتذہ محکمہ خوراک کے خریداری مراکز پر ڈیوٹیاں دیں گے تو سکولوں میں بچوں کو تعلیم کون دے گا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ریلو کٹا بنا دیا گیاہے اور کبھی ان سے پولیو ڈیوٹی ، کبھی بچوں کی پیدائش و اموات ، کبھی مردم شماری کی ڈیوٹی لی جار ہی اور کبھی محکمہ خوراک کی گندم کی بوریاں گننے پر لگایا جا رہاہے۔انہوں نے چیف آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے ،محکمہ خوراک کے گندم کے خریداری مراکز پر لگائی گئی اساتذہ کی ڈیوٹیاں منسوخ کرنے اور ان کے خلاف شروع کی گئی کاروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو اساتذہ شدید احتجاج سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
Share on Whatsapp

About Jhang Tezz

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں