بنام عمران خان ۔ نیا پاکستان ۔۔۔۔تحریر:اسوہ زینب

Add caption

بچوں کی جانب سے اسوہ زینب کا پیغام 
۔۔۔۔۔۔۔۔
عنوان:امید ٹوٹنے نہ پائے
۔۔۔۔۔۔۔۔
عمران انکل۔ 
26 جولائی کی شام پانچ بجے گھر پر ٹی وی چل رہا تھا، میں نے آپ کی پوری تقریر سنی، بڑی بڑی باتیں، بڑے لوگ سمجھیں، میں چھوٹی سی بچی ہوں، میں نےآپ کی تقریر سے چھوٹی سے بات تلاش کی ہے، دوسروں کے لئے چھوٹی ، لیکن میرے، اور مجھ جیسے چھ کروڑ سے زیادہ بچوں کے لئے اور وہ نایاب چیز "امید " ہے ۔

میں سیاست نہیں جانتی،بس اتنا جانتی ہوں، پولیٹکس میں بہت الزامات ہوتے ہیں، لیکن میں نے یہ ضرور جانا، آپ نے قوم کو نئے پاکستان کا خواب دکھایا، امید کی کرن دکھائی ، پھر میں نے آپ کے بارے میں کچھ پڑھا، پی ٹی آئی کے بارے میں تحقیق کی ، اس نتیجے پر پہنچی، آپ نے قوم کو انصاف کی امید دلائی ہے، میں نتیجے پر پہنچی۔ ملک کے اندر اور باہر، ہر طرف، آپ کے سپورٹرز کو بھی آپ سے بہت سی امیدیں ہیں، پلیز، امید ٹوٹنے نہ پائے۔ 
آپ نے اپنی تقریر میں، امید دلانے کے علاوہ بھی بہت سی باتیں کیں، پتہ نہیں لوگوں نے اس پر غور کیا یا نہیں، لیکن میں نے ضرور نوٹ کیا ، آپ نے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کیا، مجھے بہت اچھا لگا، میری طرح، لاکھوں کروڑوں لوگوں کو اچھا لگا ہو گا،
میری امی کہتی ہیں،آپ بھی اُن سے سور ی کر لیتے، جن کا آپ کی کسی بات سے دل دکھا ہو تو بہت اچھا ہوتا، مگر پھر بھی، ہم خوش ہیں، آپ نے دوسروں کو تو معاف کرنے کی روایت تو ڈالی، ورنہ ، یہاں تو انتقام لینے کی روایت ہے، اور جانے کب سے ہے۔
جس طرح آج کل ہر طرف لوگ فرسٹیشن کا شکار ہیں، پلیز، ان حالات میں اپنے فالورز اور تمام لوگوں کو نصیحت کریں کہ وہ معاف کرنا سیکھیں،لوگ آپ کو مانتے ہیں، وہ آپ کی بات پر عمل بھی کریں گے، اس ملک کے بچے، نوجوان، چاہتےہیں،وہ دوسروں کو معاف کریں، اور انہیں بھی معاف کیا جائے 
انکل، 
آپ نے کہا، بھارت تعلقات اچھے ہوں، تجارت ہو، غربت ختم ہو، اس ملک کی ینگ جنریشن بھی چاہتی ہے، حکومتیں لڑائی ختم کریں، حالات اچھے ہوں ، جاب ملے، گھر میں چار پیسے آئیں تو بچوں کے اسکول جانے کی امید پیدا ہو گی، بچے بھی پڑھ لکھ کر کل اچھے شہری بنیں گے۔ اُن کا مستقبل بھی روشن ہو گا، 
انکل،
آپ نے کہا کرپشن نہیں ہو گی
بچے بھی یہی چاہتے ہیں، کرپشن سے پاک ملک ، دیکھیں ناں،بدعنوانی نہ ہوتی تو لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس کے باہرپاکستان کا تماشہ نہ لگتا اور دنیا نہ دیکھتی کہ پاکستان میں کیسے لوگ ہیں، 
انکل،
آپ نے کہا، سب کو کام ملے گا۔تعلیم ملے گی، پینے کا صاف پانی ملے گا،پلیز امیدٹوٹنے نہ پائے۔
انکل
پلیز، ایسے قوانین بنائیں کہ، جہاں بچوں کے ساتھ ظلم و ستم نہ ہو، خصوصی طور پر بچیوں کے حقو ق کا تحفظ ہو۔ 
ایسا معاشرہ بنائیں، جہاں سوات میں ملالہ جیسی قوم کی بیٹیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی خواہش پر کوئی گولی نہ مارے 
جہاں قصور کی زینب اور اس جیسی کئی معصوم کلیاں کسی کی درندگی کا نشانہ نہ بنیں 
انکل 
آپ پورے پاکستان کے کروڑوں لوگوں کے لئے امید کی کرن ہیں،پلیز، امید کی یہ کرن، کبھی بجھنے نہ دیں بلکہ ایسے مزید دیئے جلائیں کہ ہر گھر میں روشنی ہو جائے
Share on Whatsapp

About Jhang Tezz

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں