قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے تو پانامہ جیسی رسوائیاں ہمارا مقدر نہ بنتیں۔۔حافظ سعید کا جھنگ میں خطاب

جھنگ (جھنگ تیز نیوز) امیر جماعت الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت سے دوستی اور امریکہ کی غلامی ہمارے حکمرانوں کا وطیرہ رہا ہے۔ اس وقت پاکستان کے تمام تر مسائل اللہ تعالیٰ کی جانب سے سزائیں ہیں جو ہمارے حکمرانوں کی وجہ سے ہم پر مسلط ہیں۔ اگر ہمارے حکمران قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے تو پانامہ جیسی رسوائیاں ہمارا مقدر نہ بنتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جھنگ کے علاقہ چنڈ بھروآنہ میں حلقہ پی پی 124سے امیدوار صوبائی اسمبلی محمد منشاء جھنگوی کی الیکشن مہم کے سلسلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر پروفیسر سیف اللہ خالد، ضلعی امیر جماعت الدعوۃ ابوالقاسم، صبغت اللہ چوہان اور دیگر رہنماؤں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا اپنا الیکشن جیتنے کی فکر لگی ہے جبکہ ہمیں آج بھی پاکستان کی فکر ہے اور ہم پاکستان کو بچانے کے لئے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی ہمارا دوست نہیں ہو سکتا لیکن نواز شریف نے ہر دور حکومت میں ان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بھارت نے سندھ طاس معائدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنانے شروع کر دیئے۔ آج بھارت پاکستان کے 70فیصد پانی پر قبضہ کر کے اس پانی سے بجلی بنا کر اپنے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں سستی بجلی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کے قتل کے موجب بھارت سے ہمارے حکمران کس منہ سے دوستی اور اچھائی کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی مسئلہ معاشی نہیں اللہ نے اس ملک کو بہت نعمتوں سے نوازا ہے لیکن یہاں کا مسئلہ یہ ہے کہ سیاستدان عوام کے ووٹ روپوں میں خرید کر منتخب ہوتے ہیں اور جیت کر خود ڈالروں میں امریکہ کے ہاتھوں بک جاتے ہیں۔ 25جولائی کو عوام ایسے امیدواروں کو منتخب کریں جنہیں اللہ کے سوا دنیا کی کوئی طاقت خرید نہ سکے۔

Share on Whatsapp

About Jhang Tezz

This is a short description in the author block about the author. You edit it by entering text in the "Biographical Info" field in the user admin panel.

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں