ویسے تو کراچی کی سیاست میں گزشتہ دو سال سے ہلچل مچی ہوئی ہے لیکن ایم کیوایم پاکستان کا بہادر آباد اور پی آئی بی گروپوں میں تقسیم ہونا انتہائی تشویشناک ہے ۔ دونوں گروپوں میں مذاکرات کے معاملے پر ڈیڈلاک انتہائی سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے ، اور اس سنگینی کی بنیادی وجہ، ہیروں اور سونے کے تاجر ارب پتی بزنس مین کامران ٹیسوری سمجھے جاتے ہیں ، ڈاکٹر فاروق ستار کامران ٹیسوری کو اپنامحسن سمجھتے ہیں جنہوں نے انتہائی کشیدہ حالات کے دوران پارٹی کو فنڈنگ کی مد میں خاصی سپورٹ کی جبکہ سینٹ امیدوار کے طورپر نامزدگی کے لئے جنم لینے والی کشیدگی کسی طور بھی کم نہیں ہورہی۔ گو ڈاکٹر فاروق ستار دوبارہ سے پارٹی کنوینر کے طور پر بحال ہوچکے ہیں لیکن وہ پارٹی میں موجود شرپسند عناصر اور مائنس ٹو فارمولے پر کاربند عامر خان اور خالد مقبول صدیقی سے شدید ناراض ہیں ، وہ اس بات کا بھی برملا اظہار کرچکے ہیں کہ بہادرآباد گروپ دبئی میں بیٹھے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی شہ پر ان کے خلاف سرگرم ہے ، اس سارے بھونچال کافائد ہ اٹھانے میں مصطفے کمال پیش پیش ہیں ، وہ روز بہ روز ایم کیو ایم پاکستان کی تیزی سے گرتی مقبولیت اور وکٹوں سے اپنی پوزیشن مضبوط کررہے ہیں۔ اس مد میں ان کا ایم کیو ایم پاکستان کے ناراض پارٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی رابطہ ہوا ہے۔ مصدقہ ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق مصطفے کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے ۔۔اور یہ ملاقات انتہائی حیران کن طور پر قائداعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے وی آئی پی لاونج میں ہوئی جسے اتفاقیہ تصور کیا جارہا ہے لیکن میرے ذرائع کے مطابق یہ ایک طے شدہ ملاقات تھی ، ڈاکٹر فاروق ستار اپنی اہلیہ افشاں فاروق ستار کے ہمراہ امریکہ کے لئے روانہ ہو رہے تھے جبکہ مصطفے کمال کا دبئی کا دورہ تھا۔ دونوں نے ساتھ بیٹھ کر چائے پی اور خوشگوار ماحول میں سیاست پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم کیو ایم سے نالاں ڈاکٹر فاروق ستار ،مصطفے کمال کی پارٹی جوائن کرنے کی پیش کش پر قہقہہ لگا کر ہنسے اور ساتھ ہی پارٹی چئیرمین کے طور پر جوائن کرنے کی بات کر ڈالی ، مصطفے کمال نے کہا کہ فاروق بھائی ۔۔ شریک چئیرمین کے طور پر چلے گا کیا ، جس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وطن واپسی پر سوچ کر بتاوں گا۔قہقہوں سے بھرپور اس ملاقات کا نتیجہ کیا نکلتا ہے یہ تو وقت بتائے گا لیکن یہ طے ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیوایم بہادرآباد گروپ سے شدید نالاں ہیں اور وطن واپسی پر کسی بھی وقت ایم کیو ایم کو خیرباد کہنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ پی ایس پی یا پاکستان تحریک انصاف ان کی ترجیح ہونگے۔اور گیم ٹرننگ کی اس دوڑ میں کراچی میں پاک سر زمین پارٹی کا پلڑہ بھاری ہے ۔۔
Home
تازہ ترین
تحریریں
کراچی کی سیاست میں ہلچل ، ناراض فاروق ستار کا ایک اور متوقع یوٹرن ۔۔تجزیہ نگار:جمیل فاروقی
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں
(
Atom
)


0 تبصرے:
ایک تبصرہ شائع کریں