کوئٹہ(جھنگ تیز) پاک فضائیہ نے ملک کی مغربی فضائی سرحدی حدود کی نگرانی اور دفاع کیلئے بلوچستان میں جے ایف 17تھنڈر سے لیس ایک نئے ملٹی رول سکواڈرن قائم کردیا ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے نئے سکوارڈن کا افتتاح کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق نئے سکواڈرن کو نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کا نام دیا گیا ہے جس کا نعرہ ہے ’’خودی کو جس نے فلک سے بلند تر دیکھا‘‘۔ اس تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس سمنگلی کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان تھے۔
اس موقع پر ائیر چیف کو بیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے اس سکواڈرن کے آفیسر کمانڈنگ ، ونگ کمانڈر عامر عمران چیمہ کو سکواڈرن کا نشان عطا کیا۔ اس تقریب کو یاد گار بنانے کے لیے چار جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا۔
ائیر چیف سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے لیکن ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور مقصد بالکل واضح ہے۔ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے۔ ہم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہماری جدوجہد کے صلے میں ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔
ائیر چیف نے مزید کہا کہ آج سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے لیس نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کے ذمہ پاکستان کی مغربی سرحدوں کی فضائی حدود کی دن رات نگرانی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ نمبر 28 سکواڈرن طاقت کے توازن کے حوالے سے یہ ذمہ داری بخوبی سر انجا م دے گا۔ہم ان نامساعد حالات اور غیر یقینی صورت حال کے باوجود خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔
میں قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کٹھن حالات کے باوجود ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم کسی بھی فضائی خلاف ورزی کی صور ت میں اس کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ایک عظیم صوبہ ہے اور ہم سب کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
یہاں کے لوگوں کا رویہ دوستانہ اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ہے جن کے کردار کو وطن کی ترقی میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ سی پیک کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ یہ منصوبہ ملکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو ان شا ء اللہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی تاریخ اور حالت کو بدل دے گا۔ مجھے خوشی ہے کہ آج بلوچستان میں نمبر 28 سکواڈرن کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
0 تبصرے:
ایک تبصرہ شائع کریں