لاہور(جھنگ تیز نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم حجاب عقیدت واحترم کے ساتھ منایا جارہاہے جس کے حوالے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان خواتین ونگ نے وڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ 4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب منایا جا رہا ہے اس موقع پر میں ان تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،جنہیں حجاب پہننے پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور جو حجاب اختیار کرنے کے حق کے حصول کے لئے جد وجہد کر رہی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کی ڈھال اور معاشرے کی پاکیزگی اور تطہیر کا ضامن ہے بے حجاب معاشروں میں محض تفریح تباہ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے جب کہ اسلام نے حیا ءو حجاب کے احکامات نافذ کر کے عورت کو قابل احترام اور قابل عزت ہستی قرار دیا ہے ،پردہ و حجاب کسی بھی طرح خواتین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ پردہ عورت کو تحفظ ااور اعتماد فراہم کرنے کا ذریعہ ہے ،دنیا بھر میں باحجاب خواتین اپنے دائرہ کار میں باوقار طریقے سے اپنے فرائض پر اعتماد طریقے کے ساتھ انجام دیتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں ۔
دردانہ صدیقی نے کہا کہ حجاب اللہ کا حکم اور ہر عورت کا حق ہے ،مغربی دنیا مسلمان عورت کے حجاب کو نشانہ بنا کر اس کے دینی اور انسانی حقوق میں دراندازی کر رہی ہے ،جسے مسلمان خاتون برداشت نہیں کر سکتی ،انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار اد ا کرتے ہوئے مغرب کے اس تعصب پر بھرپور مذمت کرنی چاہیے،مغربی معاشرہ حجاب سے خوفزدہ ہو نے کے بجائے اللہ کے حکم حیاءو حجاب کو جان لیں تو وہ اس کی افادیت کا قائل ہو جائے گا،حجاب ہماری پہچان ،ہمارا تحفظ ،ہمارا وقار ہے جس سے مسلم عورت دست بردار ہونے کا تصور بھی نہیں کر سکتی،ہم توقع کرتے ہیں کہ بباحجاب خاتون اول پاکستان میں حجاب کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے اور 4 ستمبر کو سرکاری سطح پر یوم حجاب منانے کا اعلان کروائیں گی۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین پاکستان نے مزید کہا کہ کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 4ستمبر بروز منگل یوم حجاب کے طور پر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا ،اس موقع پر ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان ،انٹرنیشنل ویمن یونین اور ایسوی ایشن فور دی پروٹیکشن آف حجاب کے اہتمام مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں حجاب کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی ،جبکہ تمام بڑے شہروں میں خصوصی سیمینار ،کانفرنسز کا اہتمام بھی کیا جائے گا،شاہراؤں پر بینرز ،بل بورڈز آویزاں کئے جائیں گے ،ملٹی میڈیا پر حجاجب کے حوالے سے پریزنٹیشن اور لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ حجاب واک اور مظاہرے بھی کئے جائیں گے،ان سرگرمیوں کا مقصد دنیا بھر میں مسلم خواتین کے ساتھ جو کہ حجاب پہنتی ہیں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور بے داری پیدا کرنا ہے۔



0 تبصرے:
ایک تبصرہ شائع کریں